مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی دہشتگردی کیخلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال

سرینگر:  مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی کے خلاف آج شٹرڈاؤن ہڑتال ہے، سکول اورکالج بند جبکہ انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی۔

مقبوضہ وادی میں گزشتہ روز تین کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے بعد آج مکمل ہڑتال ہے، ہڑتال کی کال حریت رہنماؤں نے دی، وادی میں سکول، کالج اور کاروباری ادارے مکمل بند ہیں، سری نگر سمیت وادی کے مختلف علاقوں میں طلبا بھارتی بربریت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔

کٹھ پتلی انتظامیہ نے مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ سروس معطل جبکہ سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات کررکھی ہے۔

واضح رہے گزشتہ روز مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج نے فائرنگ کر کے 3 کشمیریوں کو شہید جبکہ دو گھروں کو بھی تباہ کر دیا تھا، کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جولائی کے مہینے میں قابض فورسز نے 33 کشمیریوں کو شہید کیا۔

Share