پروفیشنل باکسنگ: محمد وسیم کی مسلسل ساتویں کامیابی

پروفیشنل باکسنگ میں محمد وسیم مسلسل ساتویں مرتبہ کامیاب — فوٹو، ڈان نیوز

پاکستانی چیمپیئن باکسر محمد وسیم نے بیرون ملک کامیابیوں کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے پاناما کے باکسر کو تیسرے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کرکے فائٹ جیت لی۔

اس سے قبل محمد وسیم ورلڈ باکسنگ کونسل (ڈبلیو بی سی) کی سلورفلائی ویٹ کیٹگری میں عالمی نمبر ایک باکسر تھے تاہم انہیں اپنی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے وسطی امریکی ریاست پاناما کے باکسر ایوان ٹریجوس (Ivan Trejos) کے چیلنج سامنا تھا۔

فائٹ کے آغاز سے ہی محمد وسیم نے بجلی کی سی تیزی اور چیتے جیسی پھرتی دکھاتے ہوئے حریف کھلاڑی پر تابڑ توڑ مکے بازی شروع کردی۔

محمد وسیم کے ون ٹو ون پنچز (Punches) ایوان ٹریجوس کو میچ کے ابتدائی لمحات سے ہی شکست کی جانب دھکیلتے رہے اور پاکستانی باکسر نے تیسرے ہی راؤنڈ میں حریف باکسر کو ناک آؤٹ کردیا۔

اپنی جیت کے حوالے سے ایک ویڈیو پیغام میں محمد وسیم نے کامیابی حاصل کرنے پر اللہ کا شکرادا کیا جبکہ انہوں نے ان کے لیے دعائیں کرنے والے شائقین کا بھی شکریہ ادا کیا۔

اپنی جیت کے ساتھ ہی محمدوسیم نے ڈبلیو بی سی سلورفلائی ویٹ کیٹگری میں اپنی پہلی پوزیشن مستحکم کر لی۔

پروفیشنل باکسنگ میں محمد وسیم کی یہ مسلسل ساتویں کامیابی ہے جبکہ وہ اب تک پروفیشنل باکسنگ میں ناقابل شکست ہیں۔

کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے محمد وسیم 17 جولائی 2016 کو جنوبی کوریا کے شہر سیئول میں ہونے والے مقابلے میں فلپائن کے جیتھر اولیوا کو شکست دے کر سلور بیلٹ جیتنے والے پہلے پاکستانی باکسر بن گئے تھے۔

بعد ازاں نومبر میں محمد وسیم نے سیئول میں ہی ہونے والے مقابلے میں فلپائن کے گیمل میگرامو کو سخت مقابلے کے بعد شکست دے کر اپنے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا تھا۔

گذشہ ماہ جون میں ورلڈ باکسنگ کونسل کی جانب سے جاری تازہ رینکنگ میں محمد وسیم کو فلائی ویٹ کیٹیگری میں پہلی مرتبہ عالمی نمبر ایک باکسر بنے کا اعزاز حاصل ہوا جسے انہوں نے اپنے اور ملک کے لیے باعث فخر قرار دیا تھا۔

خیال رہے کہ رواں ماہ 6 جولائی کو محمد وسیم نے پاناما کے ایلیسر والڈیز کو دوسرے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کرتے ہوئے 8 راؤنڈز پر مشتمل فائٹ جیت کر اپنے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا تھا۔

گذشتہ برس ’فیلکن خان‘ کے نام سے مشہور محمد وسیم، اسپانسر شپ کے مسائل کے سبب چھ ماہ تک باکسنگ رنگ سے دور رہے تھے۔

محمد وسیم کے پروموٹر کا کہنا تھا کہ وسیم کی نظریں گولڈ فلائی ویٹ ورلڈ چیمپیئن بننے پر مرکوز ہیں اور وہ موجودہ عالمی چیمیپئن جاپان کے ڈیگو ہیگا کو چیلنج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

یاد رہے کہ گولڈ فلائی ویٹ ٹائٹل کے لیے رواں سال کے آخر میں جاپان کے باکسر ڈیاگو اومیگا سے محمد وسیم کی فائٹ متوقع ہے۔

dawn

Share